ھزارہ قوم کی طاقت

نسیم جاوید

ا نصاف تو یہ ھے کہ جو آدمی چالیس کلو وزن (بوجھ) اُٹھانے کی طاقت رکھتی ھے تو اُس پر چالیس کلو وزن اُٹھانے کی ذمہ داری ڈالی جائے۔ اس طرح وہ آسانی سے منزل تک پہنچ سکتا ھے۔ اگر اُس پر چار سو کلو وزن ڈال دیا جائے تو یہ اُس کے ساتھ ناانصافی ھوگی۔ اس طرح وہ اُس بوجھ کا متحمل نہیں ھو سکتا اور وہ اُس کے نیچے دب کر مر جائے گا۔ کوئٹہ میں ھزارہ قوم پر چارسو کلو وزن ڈالا جارھا ھے۔ بیت القدس کی آزادی سے لے کر پاکستان میں فقہ جعفریہ کے نفاذ تک کا بوجھ ۔ تہذیب و ثقافت اور شناخت پر پابندی کا بوجھ ۔ ۱۰۰ جنازوں کے ساتھ شدید سردی میں دھرنے کا بوجھ ۔ قبائلیت پر کاربند رھنے کا بوجھ ۔ ایران نواز ھونے کا بوجھ ۔ مہاجر ھونے کا بوجھ ۔ بات نہ کرنے اور ھزارگی نہ کہنے کا بوجھ ۔ فلم، شاعری، سٹیج، ٹیبلو اور قومیت سے دور رھنے کا بوجھ ۔ کاروبار اور نوکریوں پر پابندی کا بوجھ ۔ کیا یہ انصاف ھے ؟

ایک طرف مجلس وحدت مسلمین ھم سے ماتم، عزاداری اور اھلبیت سے وفا پر کاربند رھنے کے متقاضی ھیں وہ ھم سے کہتے ھیں کہ نماز پڑھو مگر امام بارگاہ پر لفظ ھزارہ مت لکھو کیونکہ اسلام میں قومیت کفر ھے اور دوسری جانب جماعت اھل سنت اور اس کا جہادی ونگ لشکر 6جھنگوی ھمارے خلاف شیعہ ھونے کے جرم میں جہاد پر بر سر پیکار ھے اور ھمارے وجود سے کوئٹہ شھر کو پاک کرنے کی قسم کھا رکھی ھے۔ ایک کے سر پر ایران کا دست شفقت اور دوسرے کے سر پر سعودی عرب کا دست پدرانہ موجود ھے۔ اور دونوں ھی اس بیچاری قوم پر اپنا اپنا بوجھ ڈال رھے ھیں اور اپنے انداز میں وار کر رھے ھیں ۔ ھزارہ قوم کی اصل طاقت کتنی ھے؟ کیا ھزارہ قوم اپنی قلیل آبادی کے ساتھ بیک وقت اسلام، اھلبیت، صحابہ اور قبائیلی روایات پر کاربند رہ سکتی ھے یا اسلام اور صحابہ کو ختم کر سکتی ھے؟ جبکہ صحابہ کی جنگ اور شیعہ سنی اختلافات عربوں کا پیدا کردہ ھے نہ کہ ھزارہ قوم کا۔

کوئٹہ شھر میں علاقائی ڈرامے بنتے ھیں ٹیلی وژن میں براھوی، بلوچ اور پشتون قوم کی اداکارائیں بغیر چادر کے کام کر رھی ھیں اس کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری میں شیعہ اور سنی لڑکیاں سر پر چادر ڈالے بغیر کام کرسکتی ھیں ۔ تمام ٹی وی چینلز پر عورتیں بغیر چادر کے آسکتی ھیں مگر جب ایک ھزارہ لڑکی کسی ڈرامے میں گھریلو کردار کرتے ھوئے سر پر چادر نہیں ڈالتی تو اُس پر قیامت برپا ھو جاتی ھے۔ ایسا کیوں ھے؟

کیا ھزارہ قوم کی نسل کشی اور قتل عام ناکافی ھے جو اس قوم کے فنکاروں اور دانشوروں کو بدنام کرکے اس قوم کے مورال کو بھی قتل کرنے کے مہم کا آغاز کردیاگیا ھے؟

ایک آدمی جتنا وزن اُٹھانے کی طاقت رکھتی ھے اُس پر اتنا ھی وزن ڈال دیا جائے یہی انصاف ھے وگرنہ مملکت پاکستان میں ویسے بھی ناانصافیاں اپنے عروج پر ھیں۔ دیکھتے جائیں کہ یہ ناانصافیاں اس ملک اور معاشرے کو کس خانہ جنگی اور بربادی کی طرف لے کر جاتی ھے!!!

میرا ایمان ھے کہ ھزارہ قوم کمزور نہیں ھے اس میں اپنا بوجھ اُٹھانے ، زندہ رھنے اور اپنی شناخت اور نئی نسل کو برقرار رکھنے کی پوری طاقت اور صلاحیت موجود ھے وقتی طور پر ھمارے دشمن اور بدخواہ ھم پر بوجھ ڈال کر ھمیں نابود کرنے کی پوری کوشش کر رھے ھیں جس میں اندرونی اور بیرونی دشمن دونوں سر گرم عمل ھیں مگر میرا عقیدہ اور ایمان اس بات پر پختہ ھے کہ تاریخ میں ناکامی اور رسوائی ان کے مقدر میں لکھی جا ئے گی نہ کہ ھزارہ قوم کی تقدیر میں۔


Join the Conversation